بغداد: (ویب ڈیسک ) عراق میں ریفری پر حملہ کرنے کی کوشش کرنیوالے فٹبالر پر 2 سال کی پابندی لگا دی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اتوار کے روز عراق کے فٹبال کلب میں مقامی ٹیموں کے درمیان میچ ہوا جس میں ایک ٹیم القوا الجویہ کے مڈ فیلڈر ابراہیم بایش نے کھیل سے باہر جانے کے بعد ریفری پر حملے کی کوشش کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میچ کے دوران جب ابراہیم بایش کو دوسری مرتبہ پیلا کارڈ دکھایا گیا تو فٹبالر نے ریفری کا مذاق اڑایا اور پھر سرخ کارڈ دکھانے پر فٹبالرغصے میں آگیا۔
بعدازاں فٹبالر نے ریفری کی جانب بھاگتے ہوئے ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی اور دھمکیاں بھی دیں جس کی وجہ سے یہ پابندی عائد کی گئی۔
علاوہ ازیں کلب ایڈمنسٹریٹو بورڈ کے ممبر حمادی احمد کو بھی ریفری کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے پر 2 سال کی پابندی کی سزا دی گئی ہے۔