سابق ہیڈ کوچ ہاکی ٹیم سیگفریڈ ایکمین کا واجبات کی ادائیگی کیلئے قانونی جنگ لڑنے کا عندیہ

Published On 20 May,2023 12:04 pm

لاہور : (دنیا نیوز) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ سیگفریڈ ایکمین نے واجبات کی ادائیگی کے لیے قانونی جنگ لڑنے کا عندیہ دے دیا۔

سیگفریڈ ایکمین نے 2 روز قبل ایک سال کا معاوضہ نہ دیے جانے پر استعفیٰ دیا تھا ، انہوں نے کہا ہے کہ میں واجبات کے حصول کے لیے جو کر سکتا ہوں کروں گا اور اس حوالے سے وکیلوں سے مشاورت کروں گا۔

ذرائع کے مطابق سیگفریڈ ایکمین انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے بھی بات کریں گے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 2026 تک سیگفریڈ ایکمین کی خدمات حاصل کی تھیں اور انہیں معاوضے کی ادائیگی پاکستان سپورٹس بورڈ نے کرنا تھی۔

یہ بھی پڑھیں :تنخواہ کی عدم ادائیگی پرقومی ہاکی ٹیم کے غیر ملکی ہیڈ کوچ مستعفی

ذرائع کے مطابق 8 ہزار یورو ماہانہ کی تنخواہ پر خدمات انجام دینے والے ایکمین کو پاکستان سپورٹس بورڈ نے گزشتہ 14 ماہ سے تنخواہ ادا نہیں کی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ تنازع کی وجہ سے سیگفریڈ ایکمین کو ادائیگیاں نہیں کی جا سکیں ۔

سیگفریڈ ایکمین پاکستان سے قبل جاپان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔
 

 

Advertisement