ریاض : (ویب ڈیسک ) پرتگال سے تعلق رکھنے والے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ وہ یہاں کھیل جاری رکھیں گے ، سعودی پرو لیگ دنیا کی 5 بڑی لیگز میں شامل ہوسکتی ہے اگر اس میں مزید معروف کھلاڑی شامل ہوجائیں ۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سعودی لیگ میں الاتحاد کلب سے ہارنے کے بعد ایک انٹرویو میں کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ انہیں جیت کی توقع تھی، لیکن ضروری نہیں کہ بالکل ویسا ہی ہو جیسا انسان سوچتا ہے، میری توقعات کچھ مختلف تھیں۔
سٹار فٹبالر نے کہا کہ ایمانداری سے کہا جائے تو مجھے رواں برس جیت کی توقع تھی، لیکن ہمیشہ ایسا نہیں ہوتا جیسا آپ سوچتے ہیں۔ بعض اوقات ہمیں کچھ بہترین حاصل کرنے کے لیے جذبے اور تسلسل کی ضرورت ہوتی ہے۔
رونالڈو کاکہنا تھا کہ اگر بڑے نام والے مشہور، نوجوان اور پرانے کھلاڑی آتے ہیں تو یہ اچھی بات ہوگی کیونکہ اس سے لیگ میں بہتری آئے گی۔
کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ سعودی پرو لیگ بہت اچھی ہے اور اس میں بہتری کی مزید گنجائش ہے، اس میں اچھی ٹیمیں اور بہت اچھے مقامی فٹبالرز ہیں، انہیں انفراسٹرکچر میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے اور ریفریز کو بھی تھوڑا تیز ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں یہاں خوش ہوں، یہیں اپنا کھیل جاری رکھنا چاہتا ہوں اور میں یہیں کھیلوں گا۔
سعودی عرب میں رہنے کے تجربے کے حوالے سے رونالڈو کاکہنا تھا کہ اگر آپ سعودی عرب میں آ کر مزہ کرنا چاہتے ہیں، ثقافت دیکھنا چاہتے اور اچھی خوراک انجوائے کرنا چاہتے ہیں تو یہاں رہنا بہت اچھا تجربہ ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو جنوری میں النصر کلب سے منسلک ہوئے تھے اور سعودی پروفیشنل لیگ میں انہوں نے 16 میچز میں 14 گول کیے ، سعودی پرو لیگ میں ان کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔