پاکستان فٹبال کلبز کے انتخابات کیلئے سکروٹنی کمیٹی کا اعلان

Published On 26 May,2023 09:06 pm

کراچی: (دنیا نیوز)پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی نے ملک بھر میں فٹبال کلبز کے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کراکے اقتدار منتخب نمائندوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پی ایف ایف نے کلبوں کی جانچ اور انتخابات کیلئے 8 رکنی سکروٹنی ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دیدی ہے، کمیٹی کے قیام کا مقصد ملک بھر میں کلبز کی جانچ پڑتال کرنا ہے اور اس کے بعد آزادانہ، منصفانہ اور شفاف پی ایف ایف انتخابات کی طرف پہلا قدم بڑھانا ہے۔

سکروٹنی ایڈوائزری کمیٹی میں ملک بھر کے سینیئر ارکان کو شامل کیا گیا ہے جن میں اختر محی الدین، محمد صدیق، عثمان عثمانی، محمد عارف، رضوان حمید، عرفان خان نیازی، ذوالفقار شاہ اور امتیاز احمد شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پی ایف ایف نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ الیکشن کے عمل کا آغاز 27 مئی سے منتخب اضلاع میں ہوگا۔