سعودی یوگا ٹیم نے نیپال میں 5 میڈل جیت لیے

Published On 11 June,2023 08:28 pm

کھٹمنڈو: (ویب ڈیسک) سعودی یوگا ٹیم نے دوسری ایورسٹ انٹرنیشنل سپورٹس یوگا چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل، 3 سلور میڈل اور ایک کانسی کے تمغے سمیت 5 تمغے جیت لئے۔

تاریخی کامیابی میں سماہر المالکی نے گولڈ میڈل جیتا، بدر الغامدی، احمد شیلاتی اور سارہ عامودی نے تین چاندی کے تمغے جیتے اور جود عابد نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔

سعودی کھیلوں کے لیے یہ عظیم کارنامہ 8 سے 10 جون تک جمہوریہ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی چیمپئن شپ کے مقابلوں کے دوران سامنے آیا۔

اس مقابلے کا انعقاد انٹرنیشنل فیڈریشن آف یوگا ’’اسانا‘‘ نے نیپالی وزارت کھیل اور نوجوانوں کی یوگا ایسوسی ایشن اور نیپالی قومی کونسل برائے کھیل کے تعاون سے کیا تھا۔

سعودی یوگا کمیٹی کے چیئرمین نوف المروعی نے اس بے مثال کامیابی پر سعودی یوگا ٹیم کے ان چیمپئنز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے حالیہ شرکت کے باوجود علاقائی اور عالمی سطح پر یوگا کی مشق میں سعودی عرب کی قیادت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی چیمپئن شپ میں سعودی یوگا ٹیم کی یہ پہلی شرکت تھی لیکن یوگا ٹیم کے چیمپئنز 5 میڈل جیتنے میں کامیاب ہوگئے، اس بڑی سطح کے مقابلے میں اتنی بڑی تعداد کا میڈل جیتنا ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔