دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مقابلے پر یقین رکھتے ہیں: سعودی وزیر خارجہ

Published On 08 June,2023 09:30 pm

ریاض: (ویب ڈیسک)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے شدت پسندی کا مقابلہ کرنے اور دہشت گرد تنظیم داعش کو دوبارہ متحرک ہونے سے روکنے کے لیے، کام جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ داعش کے خلاف "بین الاقوامی اتحاد" کے وزارتی اجلاس کی میں کہا کہ سعودی عرب جہاں کہیں بھی ممکن ہے، داعش کا پیچھا کرنے کی کوشش کرے گی۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سعودی عرب دہشت گردی اور انتہا پسندانہ نظریات کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر یقین رکھتا ہے اور وہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے مربوط کوششیں جاری رکھے گا۔

سعودی وزیر خارجہ نے داعش کو دوبارہ واپس آنے کے لیے کسی بھی موقع سے فائدہ اٹھانے سے روکنے اور اس کی مالی معاونت کے ذرائع کو ختم کرنے کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے دنیا کے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ رواداری اور مکالمے کی اقدار کو پھیلانے کے لیے مل کر کام کریں، انہوں نے سعودی عرب کے وژن 2030 پائیدار ترقی میں نوجوانوں کی حمایت اور بات چیت کے طریقوں کو فروغ دینے پر بھی بات کی۔ 

Advertisement