ساف چیمپئن شپ : پاکستان فٹبال ٹیم کو بھارت کے ویزے جاری نہ ہوسکے، ٹکٹیں کینسل

Published On 18 June,2023 01:31 pm

لاہور: (دنیانیوز) بھارت کی ہٹ دھرمی سے کھیلوں کو بڑا نقصان ہونے لگا، ساف فٹبال چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے پاکستانی فٹبال ٹیم کو تاحال ویزے جاری نہ ہوسکے، بھارتی سفارتخانہ ٹیم انتظامیہ کے ساتھ ٹال مٹول سے کام لیتا رہا۔

ساف فٹبال چیمپئن شپ 21 جون سے بھارت کے شہر بنگلورو میں کھیلی جائے گی، ایونٹ میں شرکت کیلئے پاکستان فٹبال ٹیم کو آج (اتوار ) کی صبح ماریشیز سے  روانہ ہونا تھا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان فٹبال ٹیم کی آج ماریشس سے بھارت کے لیے ٹکٹیں بک تھیں لیکن قومی  ٹیم کو اپنے ٹکٹیں کینسل کرانا پڑیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فٹبال فیڈریشن کے نمائندے نے پاکستانی حکام کو ویزوں کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم بھارتی فیڈریشن کے نمائندوں نے اس صورتحال میں جواب دینا بند کردیا ہے جس کے بعد پاکستان فٹبال ٹیم کی ایونٹ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

پاکستان فٹبال ٹیم ماریشیز میں چار ملکی ٹورنامنٹ کیلئے موجود ہے جہاں اس نے بھارتی ویزا کیلئے اپلائی کیا تھا۔

خیال رہے کہ بھارتی فٹبال فیڈریشن نے اپنی تمام وزارتوں سے کلیئرنس حاصل کر کے پاکستان فٹبال فیڈریشن کوبھیجی تھی جو ویزوں کے ساتھ جمع کرائی گئی تھی ، حکومت پاکستان بھی قومی ٹیم کو ایونٹ میں شرکت کی اجازت دے چکی تھی جس کے بعد اب پاکستان ٹیم کو بھارت کیلئے روانہ ہونا تھا لیکن بھارتی حکام کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ ویزے اب تک منظور نہیں ہوئے۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی فٹبال ضوابط کے مطابق میزبان ملک کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ دورہ کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ویزوں کے بروقت اجراء کو یقینی بنائے۔