لندن : ( ویب ڈیسک ) یوروپا لیگ فائنل کے بعد انگلش ریفری انتھونی ٹیلر سے بدتمیزی کرنے پر فٹ بال کلب روما کے کوچ پر چار میچوں کی پابندی عائد کر دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوروپا لیگ کے فائنل کے بعد انگلش ریفری انتھونی ٹیلر سے ٹکرانے پر یوئیفا نے روما کے کوچ جوز مورینہو پر چار میچوں کی پابندی عائد کر دی ہے۔
جوز مورینہو پر ریفری کے ساتھ توہین آمیز سلوک اور گالم گلوچ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
دونوں کلبوں کو میچ کے دوران اپنے مداحوں اور کھلاڑیوں کے طرز عمل پر بھی کئی الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔
روما پر اگلے سیزن کے ایک یورپی میچ کے لیے اپنے شائقین کو ٹکٹ فروخت کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے اور ان پر اشیاء پھینکنے اور اپنی ٹیم کے نامناسب طرز عمل کے الزامات کے بعد 55,000 یورو جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔