فیفا ویمنز ورلڈ کپ : سوئٹزرلینڈ اور سپین اپنے میچز میں کامیاب

Published On 22 July,2023 01:50 am

ڈونیڈن / ویلنگٹن / سڈنی ( ویب ڈیسک ) فیفا ویمنز ورلڈ کپ کے دوسرے روز سوئٹزرلینڈ نے فلپائن اور سپین نے کوسٹاریکا کے خلاف کامیابی سمیٹ لی جبکہ نائیجیریا اور کینیڈا کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا۔

نیوزی لینڈ کے شہر ڈیونیڈن میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے تیسرے میچ میں سوئٹزرلینڈ نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے والی فلپائن کو 0-2 سے شکست دی، سوئس خاتون کھلاڑی بیچمان نے 45 ویں منٹ میں پہلا گول کیا جبکہ 64 ویں منٹ میں پیوبل نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-2 کی برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

میگا ایونٹ کے چوتھے میچ میں سپین نے کوسٹا ریکا کے خلاف 0-3 سے کامیابی حاصل کی، فاتح ٹیم نے تینوں گولز پہلے ہاف میں کئے۔

میچ کے 21 ویں منٹ میں ڈیل کیمپو نے پہلا گول کیا جس کے دو منٹ بعد ہی مون متی نے گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو بڑھا کر 0-2 کردیا جبکہ پہلے ہاف کے 27 ویں منٹ میں گونزالیز نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-3 کی برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

گزشہ روز کھیلے گئے آخری اور میگا ایونٹ کے پانچویں میچ میں نائیجیریا اور کینیڈا کی ٹیمیں مدمقابل آئیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔