قومی ہاکی ٹیم کے کپتان کا بھارت سے ہار کا بدلہ لینے کا اعلان

Published On 12 August,2023 10:03 pm

لاہور: ( ویب ڈیسک ) قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ نےاعلان کیا ہے کہ بھارت سے شکست کا بدلہ ایشین گیمز میں لیں گے۔

اپنے ایک بیان میں عمر بھٹہ کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کس فارمیشن سے کھیلتی ہے؟ اس کا پہلے اندازہ نہیں تھا، اپنی سرزمین پر ہر ٹیم کا کھیلنے کا مورال زیادہ ہوتا ہے، چار میں سے بھارت نے ہمیں تین گول پنالٹی پش پر کیے، اب ان کے پلان کا اندازہ ہو گیا ہے کہ وہ کس طرح کھیلتےہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز میں بھارتی ٹیم پاکستان کے ہی گروپ میں ہے اور یقین ہے کہ وہاں ان کو ٹف ٹائم دینے میں کامیاب رہیں گے، بھارت آنے سے پہلے بہترین فلکر ارباز انجری کا شکار ہو گئے، ہمارے پاس واحد آپشن سفیان ہی رہ گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ارباز کے آنے سے کمبی نیشن بہتر ہو جائے گا، اگر اس کے ساتھ چند سینئر لڑکے بھی ٹیم کا حصہ بن جائیں تو پھر بہت فرق پڑ سکتا ہے۔

عمر بھٹہ کا مزید کہنا تھا کہ سیمی فائنل سے باہر ہونے کا پوری ٹیم کو بہت دکھ ہے، ہمیں زیادہ بہتر رزلٹ دینا چاہیے تھا، ہر لڑکے نے 100 فیصد کارکردگی دکھائی۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر لڑکے تو پہلی بار سینئر ٹیم کی طرف سے کھیل رہے تھے، جتنے زیادہ انٹرنیشنل میچز کھیلنے کو ملیں گے اتنا ہی پرفارمنس کا معیار بہتر ہو گا۔