عرب کلب چیمپئنز کپ: کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی ٹیم النصر کو چیمپئن بنوا دیا

Published On 13 August,2023 03:49 am

ریاض: (دنیا نیوز) سپر سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے کلب النصر کو عرب کلب چیمپئنز کپ کا چیمپئن بنوا دیا۔

سعودی عرب کے کنگ فہد سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں النصر کا مقابلہ الہلال فٹبال کلب کے ساتھ ہوا، پہلے ہاف میں دونوں جانب سے بھرپور کوشش کے باوجود کوئی گول سکور نہ کیا جا سکا۔

دوسرے ہاف میں الہلال فٹبال کلب کے کھلاڑیوں نے جارحانہ آغاز کیا اور میچ کے 51 ویں منٹ میں الہلال کے کھلاڑی مائیکل نے النصر کیخلاف گول کر کے اپنی ٹیم کر برتری دلا دی تاہم وہ اپنی برتری زیادہ دیر قائم نہ رکھ سکی۔

میچ کے 74 ویں منٹ میں کرسٹیانو رونالڈو نے الہلال کے ایک گول کا جواب گول کر کے دے دیا، مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے گول برابر ہونے پر اضافی وقت دیا گیا جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے رونالڈو نے 98 ویں منٹ میں مزید گول کر کے اپنی ٹیم النصر کی جیت پر مہر ثبت کر دی۔

عرب کلب چیمپئنز کا ٹائٹل جیتنے کے بعد مین آف دی میچ رونالڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ مجھے بہت زیادہ خوشی ہے کہ میں نے اپنی ٹیم کو پہلی ٹرافی جتوانے میں اہم کردار ادا کیا اور تمام سپورٹ کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔