سڈنی : (ویب ڈیسک ) نویں ویمنز عالمی کپ فٹ بال کا فائنل میچ 20 اگست کو سپین اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں مشترکہ طور پر جاری نویں ویمنز ورلڈ کپ اپنے اختتامی مرحلے کی طرف گامزن ہے ، سپین اور انگلینڈ کی خواتین ٹیمیں فائنل میں پہنچ چکی ہیں، سپین کی ٹیم پہلی بار میگا ایونٹ کا فائنل میچ کھیلے گی۔
سپین کی ٹیم نے سیمی فائنل میں سویڈن کو 1-2 گول سے شکست دے کر پہلی مرتبہ میگا ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔
انگلینڈ کی ٹیم نے دوسرے سیمی فائنل میچ میں میزبان آسٹریلیا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر پہلی مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
انگلینڈ کی ٹیم نے ایونٹ میں 2015کے ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔
ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن کا میچ میزبان آسٹریلیا اور سویڈن کے درمیان 19 اگست کو برسبین میں کھیلا جائے گا، فائنلسٹ سپین اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کا فائنل میچ 20 اگست کو سٹیڈیم آسٹریلیا ،سڈنی میں کھیلا جائے گا۔