فیفا ویمنز ورلڈ کپ: سپین کی ٹیم سویڈن کو شکست دیکر پہلی بار فائنل میں پہنچ گئی

Published On 15 August,2023 09:07 pm

آکلینڈ : (ویب ڈیسک) سپین نے سویڈن کو 1-2 سے شکست دیکر فیفا ویمنز ورلڈ کپ فٹبال کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

سویڈن پانچویں بار ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچی لیکن بدقسمتی نے اس بار بھی اس کا ساتھ نہ چھوڑا اور ایک بار پھرفائنل کی آس لیے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔

ایڈن پارک، آکلینڈ میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں سویڈن اور سپین کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کامیابی نہ ملی اور میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے برتری حاصل کرنے کی کوشش جاری رکھی، 81 ویں منٹ میں سپین کی سلمی سیلسٹے نے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

7 منٹ بعد سویڈن کی ریبیکا نے گول کرکے اسکور برابر کردیا۔ کھیل کے اختتام سے چند منٹ قبل اسپین کی اولگا کارمونا نے گول کرکے ٹیم کو 1-2 کی فتح دلوا دی۔

دوسرا سیمی فائنل بدھ 16 اگست کو میزبان آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانا ہے، انگلینڈ نے 2015ءکے ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ آسٹریلیا نے پہلی بار چیمپئن شپ کے لاسٹ فور میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔