فٹبال سٹار نیمار جونیئر کا ریاض سٹیڈیم آمد پر شاندار استقبال

Published On 20 August,2023 06:05 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) برازیلین سپر سٹار نیمار جونیئر ریاض کے سٹیڈیم میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں پہلی مرتبہ اپنے مداحوں کے سامنے آئے جہاں الہلال کلب نے سٹار پلیئر کو متعارف کرایا۔

تفصیلات کے مطابق نیمار سعودی کلب الہلال میں شامل ہونے والے نئے عالمی شہرت یافتہ سپر سٹار بن گئے اس سے قبل فٹبالر کا ریاض پہنچے تو کنگ خالد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر الہلال فٹبال کلب کی انتظامیہ نے ان کا استقبال کیا۔

نیمار نے اس تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ دلچسپ ہے، دوسری ٹیموں میں اعلی معیار کے کھلاڑیوں سے ملنا آپ کو خوش کرتا ہے اور مزید بہتر کھیلنے کی ترغیب دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم رونالڈو، بینزیما اور فرمینو کا سامنا کرتے ہیں تو ہمارا جوش وخروش اور بھی بڑھ جاتا ہے میں اس لیگ میں شامل ہونے پر خوش ہوں ان سٹارز کا سامنا کرنا شاندار ہوگا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاض میں الہلال کے 68 ہزار افراد کی گنجائش والے سٹیڈیم میں دو دیگر فٹبال اسٹارز برازیلین اسٹار میلکم اور مراکش کے گول کیپر یاسین بونو کے ساتھ نیمار کا استقبال کیا گیا۔