برازیل کے سٹار فٹبالر نیمار جونیئر سعودی عرب پہنچ گئے

Published On 19 August,2023 12:10 pm

ریاض :(ویب ڈیسک ) برازیل کے سٹار فٹبالر نیمار جونیئر بھی سعودی کلب سے کھیلنے کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے ۔

عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ رات دارالحکومت ریاض پہنچنے پر ایئرپورٹ پر نیمار جونیئر کا اعلیٰ حکام نے استقبال کیا ، نیمار نے ریاض پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد اپنے مداحوں کے لیے مختصر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں سعودی عرب میں ہوں۔

دوسری جانب سعودی کلب الہلال کی جانب سے "ایکس" سائٹ پر اپنے آفیشل پیج پر برازیلین سٹار نیمار دا سلوا کے لیے شائع کی گئی ایک ویڈیو کو مداحوں کی جانب سے بے حد سراہا جارہا ہے ۔

اس ویڈیو کو "سٹار" نے 15 اگست کو پرتگالی زبان میں شائع کیا تھا، ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا تھا "نیمار، ایک شاندار ٹیلنٹ جو ہر کسی کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لیتا ہے " اس کے ساتھ ہی عربی میں ’’ نیمار ہلالی‘‘ بھی لکھا گیا تھا۔

ویڈیو میں برازیلین سٹار سعودی الہلال کی شرٹ میں نظر آتے ہیں اور کہتے ہیں کہ " میں یہاں سعودی عرب میں ہوں۔۔ میں ہلال ہوں " ۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے فٹ بال کلب ’’الہلال‘‘ نے منگل کے روز پیرس سینٹ جرمین سے برازیلین سٹار نیمار کے ساتھ دو سال کے معاہدے پر دستخط کرنے کا اعلان کیا تھا۔