لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ہاکی ٹیم ملائیشیا میں ہونے والے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد پاکستان پہنچ گئی۔
پاکستان کی ہاکی ٹیم ملائیشیا سے لاہور ائیرپورٹ پر پہنچی جہاں پر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود سمیت دیگر عہدیداران نے ٹیم کا شاندار استقبال کیا۔
چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا کہ پاکستان کی ہاکی کا مستقبل دوبارہ سےروشن ہورہا ہے، میرٹ کی بنیاد پرٹیم کوسلیکٹ کیا، وزیراعظم ہاکی ٹیم کےلیےانعامات کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل میچ براہ راست دکھانے پر وزیر اطلاعات کے شکرگزار ہیں، آئندہ بھی حکومت ہاکی کے فروغ کےلیے کام کرے گی۔
اس موقع پر کپتان ہاکی ٹیم عماد بٹ نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی سےبہت خوش ہوں، بھرپور حوصلہ افزائی پر وزیراعظم اور سپورٹس بورڈ کا شکرگزارہوں، ایک وقت آئے گا یہی ٹیم ورلڈ کپ لیکر آئے گی۔
یاد رہے کہ اذلان شاہ ہاکی کپ کا فائنل میچ پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان کو پینلٹی شوٹس میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، مقابلہ 2-2 سے برابر رہا جس پر میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹس پر کیا گیا۔
اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ہاکی ٹیم نے سلور میڈل اپنے نام کیا۔