سعودی فٹبال ٹیم کے کپتان نے ننھے مداح کی فرمائش پوری کردی

Published On 06 June,2024 05:33 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سعودی عرب کی فٹبال ٹیم کے کپتان سالم الدوسری نے اپنے ننھے پاکستانی مداح سے مل کر اُس کی فرمائش پوری کر دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں اسلام آباد میں فیفا ورلڈ کپ کے کوالیفائرز راؤنڈ 2 کے میچ کے لیے موجود سعودی ٹیم کے کپتان سالم الدوسری کو پاکستانی بچے سے ملاقات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سالم الدوسری اپنے ننھے پاکستانی مداح سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہیں اور پھر اُنہیں اپنی قومی جرسی بھی بطور تحفہ پیش کرتے ہیں۔

اپنے ہیرو سے مل کر یہ ننھا مداح خوشی سے پھولے نہیں سماتا اور جرسی ہاتھ میں پکڑ کر خوب خوش دکھائی دیتا ہے۔

خیال رہے کہ سالم الدوسری نے 2022 کے فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں سعودی عرب اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلے گئے میچ میں فیصلہ کن گول کر کے تاریخ رقم کرتے ہوئے سعودی عرب کو جیت دلوائی تھی۔