میونخ: (دنیا نیوز) یورو فٹبال کپ 2024ء کے گروپ اے کے پہلے میچ میں جرمنی نے سکاٹ لینڈ کو شکست دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یورو فٹبال کپ 2024ء کا آغاز جرمنی کے شہر میونخ میں ہو گیا ہے، میگا ایونٹ کے پہلے میچ میں جرمنی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ کو ایک کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔
جرمنی کے شہر میونخ کے ایلینز ایرنا میں ہونے والے افتتاحی میچ میں جرمنی نے جارحانہ انداز اپنایا اور آغاز سے ہی سکاٹ لینڈ کو مشکل میں ڈال دیا، میچ کے 10 ویں منٹ میں فلورین وٹز نے بال کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کی سبقت ثابت کر دی۔
ٹھیک 9 منٹ بعد جرمن کھلاڑی جمال موسیالا نے گول کر کے سکاٹ لینڈ کی مشکل میں اضافہ کر دیا، اسی طرح پہلے ہاف کے اضافی منٹ میں جرمنی نے ایک گول کر کے اپنی جیت پر مہر ثبت کر دی، پہلے ہاف تک سکاٹ لینڈ کوئی گول نہ کر سکی۔
دوسرے ہاف میں بھی جرمنی نے سکاٹ لینڈ کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا، 68 ویں منٹ میں جرمن کھلاڑی نکلاس فلکرگ نے اپنی ٹیم کیلئے چوتھا گول کر دیا، 87 ویں منٹ پر سکاٹش کھلاڑی انٹونیو رڈگر جرمن ٹیم کو ڈاج دینے میں کامیاب ہوئے اور بال جال تک پہنچا دیا، 6 منٹ بعد جرمن فٹبالر ایمرکین نے 5 واں گول کر کے ٹیم کی جیت میں اپنا حصہ ڈال لیا۔