پیرس: (ویب ڈیسک) بدانتظامی یا جلد بازی؟، پیرس اولمپکس 2024ء کی انتظامیہ نے افتتاحی تقریب میں اولمپکس جھنڈا ہی الٹا لہرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق سو سال بعد فرانس کے شہر پیرس میں کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ اولمپکس کا میلا سج گیا ہے، کھیلوں کا باقاعدہ آغاز فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کیا، اولمپکس کی تاریخ میں پہلی بار افتتاحی تقریب دریا میں سجائی گئی۔
افتتاحی تقریب میں انتظامیہ کی جانب سے ہونے والی ایک بڑی غلطی کی نشاندہی ہوئی، ایونٹ کے آغاز پر اولمپکس کے جھنڈے کو الٹا لہرا دیا گیا، لہرائے جانے والے جھنڈے میں آپس میں جڑے ہوئے پانچ مختلف رنگوں کے دائروں کا نشان واضح طور پر الٹا نظر آیا۔
اولمپکس کے آفیشل نشان میں تین دائرے اوپر اور دو دائرے نیچے ہیں جبکہ پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں جھنڈا لہرایا گیا تو دو دائروں کے نشان اوپر اور تین نیچے تھے، دیکھا جائے تو جھنڈے کا نیچے والا حصہ اوپر اور بالائی حصہ نیچے ہونا چاہیے تھا۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے پیرس اولمپکس کے منتظمین کو اس غلطی پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، صارفین ملا جلا ردعمل دے رہے ہیں۔