پیرس: (ویب ڈیسک) پیرس اولمپکس 2024ء میں پہلا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر عراق کے ایتھلیٹ کو معطل کر دیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے شہر پیرس میں ہونے والے کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ اولمپکس میں پہلا ڈوپ ٹیسٹ سامنے آ گیا، عراق کے جوڈو کے کھلاڑی سجاد سہن کو مثبت ڈوپ ٹیسٹ آنے پر پیرس اولمپکس سے معطل کر دیا گیا۔
سجاد سہن کا منگل کو ہونے والا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا تھا، عراقی ایتھلیٹ کے نمونے میں میتھن ڈائنن اور بولڈینن پایا گیا، عراقی کھلاڑی سجاد سہن نے جوڈو کے 81 کلو گرام کے مقابلوں میں حصہ لینا تھا۔
واضح رہے کہ سو سال بعد فرانس کے شہر پیرس میں کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ اولمپکس کا میلہ سج گیا ہے، کھیلوں کا باقاعدہ آغاز فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کیا، پیرس اولمپکس میں 205 ممالک کے 10 ہزار 714 ایتھلیٹس شریک ہیں۔