پیرس : (ویب ڈیسک ) جنوبی کوریا کے پارک تائی جون نے پیرس اولمپکس گیمز 2024 تائیکوانڈو میں مردوں کے 58 کلوگرام مقابلے میں طلائی تمغہ جیت لیا۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں اولمپکس کے مردوں کے 58 کلوگرام فائنل مقابلے میں جنوبی کوریا کے پارک تائی جون نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، انہوں نے آذربائیجان کے گاشم ماگومیدوف کو با آسانی 0-2 سے شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔
میزبان فرانس کے سائرین ریویٹ اور تیونس کے محمد خلیل جندوبی کو مساوی طور پر کانسی کا تمغہ دیا گیا۔
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں امریکا 27 گولڈ میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ چین 25 سونے کے میڈلز کے ساتھ دوسرے اور 18 گولڈ میڈلز کے ساتھ آسٹریلیا تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔