یوئیفا فٹبال چیمپئنز لیگ پی ایس جی کے نام، جشن جلاؤ گھیراؤ میں تبدیل، 2 افراد ہلاک

Published On 02 June,2025 05:08 am

پیرس (دنیا نیوز) یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل فرنچ فٹبال کلب پی ایس جی نے جیت لیا۔

فائنل میں پی ایس جی نے انٹر میلان کو پانچ صفر سے شکست دی، فاتح ٹیم کی جانب سے ڈیزائر ڈیو نے دو گول کئے، پی ایس جی نے پہلی بار یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

پی ایس جی کی تاریخی فتح کا جشن جلاؤ گھیراؤ میں تبدیل ہوگیا جس کے باعث 2 افراد ہلاک اور 192 زخمی ہو گئے، فٹ بال کے مداحوں کی پولیس سے جھڑپیں ہوئیں، کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔

پولیس نے ہنگامہ آرائی کرنے والے افراد پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی، 500 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس سربراہ لورینٹ نونیز نے میڈیا کو بتایا کہ ایک 20 سالہ نوجوان جشن کے دوران ایک گاڑی سے ٹکرا کر جان کی بازی ہار گیا اور جنوب مغربی شہر ڈیکس میں 17 سالہ نوجوان ہلاک ہوا جن پر چھری کے وار کے نشانات تھے۔

لورینٹ نونیز نے بتایا کہ جوڈیشل تفتیش سے واضح ہوجائے گا کہ آیا پیرس میں ہونے والی کشیدگی چمپیئنز لیگ میں فتح کے جشن سے منسلک تھی یا نہیں تاہم اس وقت یہ حادثات جشن سے جڑے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

مشتعل مظاہرین چیمپز ایلسیس ایونیور میں بس اسٹیڈ کو تباہ کردیا، آنسو گیس کا فائر کرنے والے پولیس کے پروجیکٹائل کو بھی نقصان پہنچایا اور کلب کے ہزاروں مداحوں نے واٹر کینن کو پیچھے دھکیل دیا۔

فرانس کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ آتشزدگی کے سیکڑوں واقعات رپورٹ ہوئے ہیں اور 200 سے زائد گاڑیاں جلائی گئی ہیں، سیکیورٹی فورسز کے 22 اہلکار اور 7 فائر فائٹرز کو بھی زخم آئے ہیں۔

پولیس چیف کے مطابق پیرس سینٹ جرمین کی فتح کے بعد ہونے والے جشن کے پیش نظر پیرس میں 5 ہزار 400 افسران کو تعینات کردیا گیا تھا۔