پیرس : (ویب ڈیسک) سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز مقابلوں کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے، نوواک جوکووچ اور جیک سنر نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
اٹلی کے نامور ٹینس سٹار عالمی نمبر ون اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ جینک سنر، سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور 24گرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح نوواک جوکووچ، ہسپانوی ٹینس سٹار ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز اور اٹلی کے ٹینس کھلاڑی لورینزو موسیٹی اپنی کامیابیوں کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مینز سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل راؤنڈ میں پہنچ گئے۔
مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل راؤنڈ میں اٹلی کے نامور ٹینس سٹار، عالمی نمبر ون اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ جینک سنر نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے قازقستان کے حریف ٹینس کھلاڑی الیگزینڈرببلک کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
ایک اور کوارٹر فائنل میچ میں سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور 24گرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح نوویک جوکووچ نے جرمنی کے الیگزینڈرزویروف کو شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنائی۔
اسی طرح ہسپانوی ٹینس سٹار ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز اور اٹلی کے ٹینس کھلاڑی لورینزو موسیٹی نے بھی اے ٹی پی فرنچ اوپن ٹینس میں مینز سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل راؤنڈ میچ میں ہسپانوی ٹینس سٹار ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز نے امریکا کے ٹینس سٹار ٹومی پال کو اور اٹلی کے ٹینس کھلاڑی لورینزو موسیٹی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی حریف ٹینس کھلاڑی فرانسس تیافو جونیئر کو شکست دے کر سیمی فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔