مانامہ: (دنیا نیوز) ایشین والی بال نیشنز کپ2025ء میں پاکستان نےایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
پاکستان والی بال ٹیم کا گروپ مرحلے کے دوسرے میچ میں چائنیز تائپے سے مقابلہ ہوا، قومی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد حریف ٹیم کو دو کے مقابلے میں تین سیٹس سے شکست دی، پاکستانی ٹیم نے پہلے دو سیٹس جیت کر برتری حاصل کی۔
چائنیز تائپے نے اگلے دو سیٹ جیت کر میچ برابر کر دیا،فیصلہ کن سیٹ میں پاکستان نے 16کے مقابلے میں 18 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کر کے میچ اپنے نام کیا۔
واضح رہے کہ بحرین کے شہر مانامہ میں ایشین والی بال نیشنز کپ کے پہلے روز پاکستان نے فلپائنز کے خلاف زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے شکست دی تھی، پاکستان نے ابتدائی 2 سیٹس جیت کر میچ میں گرفت مضبوط کر لی تھی تاہم تیسرے سیٹ میں فلپائنز نے کم بیک کیا اور میچ 1-2 کردیا۔
چوتھے سیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا اور فلپائنز نے بھرپور فائٹ کی لیکن پاکستان اس کے لئے ایک مضبوط حریف ثابت ہوا، پاکستان نے چوتھا سیٹ جیت کر ایک گھنٹہ 6 منٹ جاری رہنے والا میچ اپنے نام کیا، جیت کا سکور18-25، 12-25، 25-18 اور 22-25 رہا۔
پاکستان کی جانب سے آفاق خان، مصور خان اور مراد خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، میچ میں پاکستان نے اٹیک سے 48 پوائنٹس جبکہ بلاک سے 14 پوائنٹس حاصل کئے اور حریف کی غلطیوں کو 28 پوائنٹس میں تبدیل کیا۔