اسلام آباد:(دنیا نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل امریکہ سے پاکستان کیلئے بہت سی مثبت چیزیں لے کر آ رہے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کو بہت زیادہ پروٹوکول ملا، اس طرح دنیا کے کسی سپہ سالار کو مدعو نہیں کیا گیا، صدر ٹرمپ دنیاوی لحاظ سے سب سے طاقتور آدمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چیف عام نہیں بلکہ جیتے ہوئے چیف تھے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کوئی ڈو مور نہیں کہہ سکتا، ہم بیک بنچر نہیں ون ٹو ون آکر بیٹھے ہیں، فیلڈ مارشل پاکستان کے لیے بہت سی مثبت چیزیں لے کر آرہے ہیں۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑا معرکہ ہے، آرمی چیف کی بدولت ہم دنیا کے ٹاپ فورم پر کھڑے ہوگئے ہیں، وہ شخص پاکستان کو ایسے سٹیج پر لے آیا جہاں دنیا ہماری بات سن رہی ہے تو ہمیں اور کیا چاہیے، معیشت کو اٹھا رہا ہے۔
سینیٹر کا مزید کہنا تھا کہ مودی کو تباہ و برباد کر دیا، اس سے زیادہ فوجی سربراہ سے آپ کیا توقع کر سکتے ہیں، اس سے زیادہ نہ کوئی سپہ سالار پر فارم کر سکتا ہے اور نہ کبھی کر سکے گا ہماری ذمہ داری ہے کہ فیلڈ مارشل کو سراہیں پوری قوم پیچھے کھڑی ہے۔