ورلڈ ماسٹرز سنوکر چیمپئن شپ، محمد آصف اور شاہد آفتاب نے گروپ میچز جیت لیے

Published On 13 July,2025 10:58 pm

اومان: (ویب ڈیسک) پاکستان کے محمد آصف اور شاہد آفتاب نے ورلڈ ماسٹرز سنوکر چیمپئن شپ میں کامیاب آغاز کرتے ہوئے ایونٹ کے پہلے روز اپنے گروپ کے دونوں میچز جیت لیے اور اگلے راؤنڈ تک اپنی رسائی یقینی کرلی۔

بحرین میں ورلڈ ماسٹرز سنوکر چیمپئن شپ میں 15 ملکوں کے 43 پلیئرز شریک ہیں، پاکستان کے محمد آصف اور شاہد آفتاب نے ایونٹ کے پہلے روز اپنے دونوں میچز جیت لیے۔

گروپ سی میں شامل پاکستان کے محمد آصف نے اپنے دونوں میچز بغیر کوئی فریم ڈراپ کیے جیتے اور پہلے میچ میں انہوں نے اومان کے ہیثم بن علی کو 0-3 سے ہرایا جس کا فریم اسکور 48-81، 19-58 اور 9-78 رہا۔

دوسرے میچ میں انہوں نے آئرلینڈ کے جے چوپڑا کو 33-68، 14-79 اور16-7 سے ہرایا۔

شاہد آفتاب کو دونوں میچز میں سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا، بیسٹ آف فائیو کے دونوں میچز انہوں نے فیصلہ کن فریم میں جیتے۔

دن کے پہلے میچ میں انہوں نے مصر کے محمد نویر کو 43-68، 64-47، 35-88، 60-31 اور 36-94 سے جیتا۔ کویت کے عبداللہ الیوسف کے خلاف انہوں نے دو ۔ صفر کے خسارے سے کم بیک کرنے کے بعد تین ۔ دو سے کامیابی حاصل کی جس کا اسکور 70-25، 53-31، 6-79، 13-58 اور 25-103رہا۔

پاکستان کے دونوں پلیئرز پیر کو اپنے آخری گروپ میچز میں انڈین پلیئرز سے مقابلہ کریں گے۔