اوسلو: (دنیا نیوز) ناروے کپ فٹبال چیمپئن شپ کے دوران پاکستانی فٹبالر امان اللہ رؤف بلوچ اوسلو میں لاپتہ ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق امان اللہ پہلے روز ہی غائب ہو گئے تھے اور ان کا پاسپورٹ بھی ان کے پاس ہے، ساتھی کھلاڑی نے انکشاف کیا کہ امان اللہ نے چیمپئن شپ میں شرکت ہی نہیں کی۔
مسلم ہینڈز ٹیم کے ترجمان کے مطابق امان اللہ رؤف بلوچ کا تعلق کراچی کے علاقے لیاری سے ہے، امان اللہ استقبالیہ تقریب میں بھی نہیں آئے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ مسلم ہینڈز کی ٹیم ناروے میں شیڈول میچز مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آچکی ہے جبکہ امان اللہ کی گمشدگی کے حوالے سے ناروے پولیس کو آگاہ کر دیا گیا اور پاکستانی سفارتخانے کو بھی تمام صورتحال سے آگاہ کیا جاچکا ہے۔