اسلام آباد: (عباد اللہ خان) قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو فوری الیکشن کرانے کی ہدایت کردی۔
قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس کنوینر شیخ آفتاب کی زیر صدارت ہوا جس میں وزارت قانون اور اٹارنی جنرل آفس کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی کی نامزدگی کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت قانون اور اٹارنی جنرل آفس نے طارق بگٹی کی نامزدگی کو درست قرار دیا، کمیٹی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو فوری انتخابات کرانے کی ہدایت جاری کی جس پر طارق بگٹی نے دو ماہ میں الیکشن کرانے کی یقین دہانی کروائی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق پی ایچ ایف جنرل کونسل نے طارق بگٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جبکہ ان کی ذمہ داری انتخابات کروانا ہی تھی۔
ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم نے طارق بگٹی کو انتخابات اور آڈٹ کرانے کا مینڈیٹ دیا تھا تاہم ہاکی فیڈریشن نے تاحال کانگرس، ایسوسی ایشنز اور کلبوں کا ڈیٹا فراہم نہیں کیا، ایسے میں الیکشن ممکن نہیں لگتے، کمیٹی نے طارق بگٹی کو ہدایت دی کہ فی الفور پی ایچ ایف کا تمام ریکارڈ فراہم کیا جائے۔
طارق بگٹی کا کہنا تھا کہ ہاکی فیڈریشن ایک خود مختار ادارہ ہے، انہیں کانگرس سے اعتماد کا ووٹ ملا ہے تاہم شہلا رضا نے بھی الگ سے اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کی۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی نے واضح کیا کہ تنازع ختم کرنے کے لیے جلد انتخابات ضروری ہیں، آپ اپنی جان چھڑوانے کے لیے فوری الیکشن کرائیں۔
اجلاس میں ایف آئی اے حکام بھی پیش ہوئے اور بتایا کہ ہاکی فیڈریشن کے آڈٹ اعتراضات اور بے ضابطگیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، کمیٹی نے ہدایت کی کہ ہاکی فیڈریشن تمام ریکارڈ ایف آئی اے کو فراہم کرے۔