اسلام آباد: (دنیا نیوز) اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز کا تیسرا میچ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں پاکستانی ٹیم نے آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور پہلے ہاف کے دوران متعدد حملے کیے مگر افغان دفاعی لائن کی مستعدی نے کسی بھی موقعے کو گول میں تبدیل ہونے سے روکے رکھا۔
پاکستان کو سب سے سنہری موقع کھیل کے 67 ویں منٹ میں اس وقت ملا جب انہیں پینلٹی ملی مگر اوٹس خان اس موقعے کو گول میں بدلنے میں ناکام رہے جس کے باعث اسکور بورڈ پر کوئی تبدیلی نہ آسکی۔
فیصلہ کن گول کا موقع ضائع ہونے کے افسوس کے باوجود میچ کے اختتام پر پاکستانی شائقین نے دونوں ٹیموں کی جانب سے سخت مقابلے اور جذبے سے بھرپور کھیل کو خوب سراہا گیا۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان اے ایف سی ایشین کپ سعودی عرب میں دوسرا کوالیفائر کا آئندہ میچ 14 اکتوبر کو کویت میں کھیلا جائے گا۔