کھیل
خلاصہ
- ہرارے: (ویب ڈیسک) آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے سپر 6 مرحلے میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے 111 رنز کا ہدف 17.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، سمیر منہاس 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ عثمان خان نے 15، حمزہ ظہور نے 8 اور فرحان یوسف نے 11 رنز بنائے۔
قبل ازیں ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ٹیم 28.3 اوورز میں 110 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ہوگو بوگی نے 39، میسن کلارک 17، ٹوم جانز 15 اور کلوم سیمسن نے 10 رنز کی اننگز کھیلی، 3 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے جبکہ دو کھلاڑی بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے 4، علی رضا 3 جبکہ محمد صیام اور مومن قمر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔