صارفین کی معلومات کو محفوظ بنانے کے لیے فیس بک میں نئی ترامیم

Last Updated On 28 March,2018 07:37 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) فیس بک کا امریکی انتظامیہ کے ساتھ حالیہ تنازع کے بعد ویب سائٹ کی سیکیورٹی پالیسی میں تبدیلیاں کرنے کا اعلان، صارفین کے ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے لیے فیس بک میں نئی ترامیم کر دیں۔

پاکستان میں سمارٹ فونز استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ سمارٹ فونز کے تیزی سے بڑھتے ہوئے استعمال کی بڑی وجہ نوجوانوں میں سوشل میڈیا کا بڑھتا ہوا رحجان ہے۔ جس میں سب سے زیادہ تعداد فیس بک صارفین کی ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں فیس بک صارفین کی تعداد 4 کروڑ 40 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔ 

حال ہی میں فیس بک کا "کیمبرج انالائیٹیکا سکینڈل" سامنے آیا ہے جس کی وجہ سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کو امریکہ میں تحقیقات کا سامنا ہے۔ اس سکینڈل کی وجہ سے فیس بک کو صرف ایک ہفتے میں 75 بلین ڈالرز کا نقصان ہوا ہے۔ گزشتہ ماہ ایک انکشاف ہوا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ فیس بک نے اپنے صارفین کی ذاتی معلومات کو بغیر اجازت کے غیر قانونی طور استعمال کیا ہے۔ جس کی بعد میں فیس بک انتظامیہ نے مختلف وضاحتیں پیش کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کردی کہ صارفین کی معلومات کا غلط استعمال ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیس بک کے اثاثوں کی مالیت میں 58 ارب ڈالرز کی کمی

فیس بک پر الزام ہے کہ اس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم میں کیمبرج انالائیٹیکا نامی سیاسی تحقیقی کمپنی کو اپنا ڈیٹا دیا جسے امریکی انتخابات پر اثر انداز ہونے کے لیے استعمال کیا گیا۔ تاہم اس سکینڈل کے سامنے آنے کے بعد ویب سائٹ صارفین اپنی ذاتی معلومات کی سیکیورٹی کے حوالے سے پریشان تھے۔ اس تمام تر بحرانی صورتحال میں فیس بک نے اپنے صارفین کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے اہم اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیس بک کے بانی مارک زوکربرگ نے غلطی کا اعتراف کر لیا

فیس بک انتظامیہ کی جانب سے صارفین کے ڈیٹا کی سیکیورٹی کے لیے ویب سائٹ میں نئی ترامیم کی گئی ہیں۔ فیس بک انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ ان ترامیم سے صارفین کے ڈیٹا کو مزید محفوظ کیا جائے گا اور صارف کو اپنے ڈیٹا پر مکمل کنٹرول دیا جائے گا۔ اس نئے فیچر میں صارف فیس بک پر اپنا ڈیٹا ڈیلیٹ بھی کرسکتا ہے اور اسے اپنی مرضی کی پرائیویسی سیٹنگ پر رکھ سکتا ہے۔ فیس بک کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ کچھ صارفین کو یہ سہولت مہیا کردی گی ہے جب کے باقی کو بھی جلد یہ سہولت دے دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: فیس بک کے خلاف تحقیقات کا آغاز

سوشل میڈیا پر فیس بک کی اس نئی پرائیویسی سیٹنگ کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ ایسے اقدامات پہلے اٹھانے کی ضرورت تھی اب تو صارفین کے ڈیٹا کا غلط استعمال ہوچکا ہے۔ تاہم فیس بک کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ایسے کسی بحران سے بچنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ صارفین کا ڈیٹا محفوظ رہے اور ان کا اعتماد بحال رکھا جا سکے۔