لاہور: مال روڈ پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری

Last Updated On 28 March,2018 06:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کا مال روڈ چیئرنگ کراس دھرنا چوک بن گیا۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری، لائیو سٹاک کے ملازمین اور یونین کونسلز کے سیکرٹریز بھی احتجاج کیلئے پہنچ گئے۔

لاہور کا چیئرنگ کراس دھرنا چوک کا روپ دھار گیا۔ محکمہ لائیو سٹاک کے ملازمین اور یونین کونسلز کے سیکرٹریز بھی اپنے مطالبات سمیت چیئرنگ کراس پہنچ گئے۔ تین دن سے ٹریفک کیلئے مسلسل بند چیئرنگ کراس پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کا دھرنا تیسرے روز بھی بدستور جاری ہے جس کی وجہ سے مال روڈ اور ملحقہ سڑکوں سے گزرنے والے شہری مشکلات کا شکار ہیں۔

ادھر پنجاب بھر سے آئی لیڈی ہیلتھ ورکرز اپنے مطالبات کے حق میں ڈٹی ہوئی ہیں اور واجبات دو اقساط میں ادا کرنے پر اصرار کر رہی ہیں لیکن حکومت انکار کر رہی ہے۔ فروری میں 4 اقساط میں بقایا ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی مگر تاحال حکومت کی طرف سے پہلی قسط بھی ادا نہیں کی گئی۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس احتجاج اور دھرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ چار ارب سے زائد کے بقایا جات کیلئے فنڈز کی منظوری ہو چکی ہے۔

مال روڈ پر آنے والے مظاہرین حکومتی رویوں سے تنگ سراپا احتجاج ہیں تو کام کاج کیلئے گزرنے والے شہری راستے بند ہونے پر پریشان ہیں۔ کہتے ہیں کہ مال روڈ پر دفعہ 144 کے باوجود مظاہروں کا سلسلہ حکومتی نا اہلی ہے۔