تفصیلات کے مطابق، لاہور میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا دھرنا جاری ہے، کڑکتی دھوپ میں احتجاج کرتی ایک لیڈی ہیلتھ ورکر بے ہوش ہو گئی جسے ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہیلتھ ورکرز کی ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ رات طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کی جانے والی خاتون دم توڑ گئی ہے مگر انتظامیہ خبر دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ایک طرف دھرنے میں شریک خواتین گرمی سے بدحال ہیں تو دوسری جانب راستے بند ہونے سے شہری بھی پریشان ہیں۔ دھرنے میں شریک خواتین کا مطالبہ ہے کہ انہیں سروس اسٹرکچر دیا جائے، اسکیل تجربے کی بنیاد پر اپ گریڈ کیا جائے اور بقایا جات ادا کئے جائیں۔ ہیلتھ ورکرز کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔