اسٹاک ہوم: (دنیا نیوز) سویڈن میں 2030ء تک فیول سے نجات حاصل کرنے اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں تیل کے استعمال میں 70 فیصد تک کمی لانے کے لیے توانائی کے دیگر ذرائع پر کام کیا جا رہا ہے سویڈن نے توانائی کے بحران سے نکلنے کے لیے دنیا کی پہلی برقی سڑک بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں دو کلو میٹر طویل الیکٹرک سڑک کو آزمائشی بنیادوں پر کھول دیا گیا ہے۔ الیکٹرک سڑک ائیرپورٹ کے قریب بنائی گئی ہے۔ سڑک پر گاڑی چلانے کے لیے اسے الیکٹرک کیبل سے منسلک کیا جاتا ہے جب کہ کیبل کا دوسرا سرا سڑک پر لگے الیکٹرک سسٹم سے جوڑ دیا جاتا ہے جس کے بعد ایک عام گاڑی مکمل طور پر الیکٹرک کار میں تبدیل ہوجاتی ہے۔ منصوبے پر کام کرنے والے افسر کا کہنا ہے کہ اگر قومی شاہراؤں کو 20 ہزار کلو میٹر تک برقی سڑک میں تبدیل کرلیا گیا تو ہم توانائی کے بحران سے نکل پائیں گے۔
ماہرین آئندہ چند سال کے دوران یہ منصوبہ دیگر شہروں تک پھیلانا چاہتے ہیں جس کے لیے سویڈن حکومت نے عظیم الشان قومی منصوبہ تیار کر لیا ہے جس کا کامیاب تجربہ اسٹاک ہوم میں کیا گیا۔ سویڈن حکومت اس منصوبے کی کامیابی سے تیل کے بحران پر متبادل ذرائع کے ذریعے سے قابو پانے کے لیے پُر امید ہے۔