لاہور: (روزنامہ دنیا) میکسیکو میں کار کی ایک دلچسپ انعامی لاٹری کو دنیا بھر کی خبروں میں اہمیت دی جارہی ہے کیوں کہ جیتنے والے کو فوری طور پر کار نہیں ملے گی بلکہ اس نئی نویلی کار کو دفن کردیا جائے گا جسے 50 برس بعد نکال کر استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔
میکسیکو کے صوبے چی ہواہوا کے شہر اوجیناگا میں اس غیر معمولی لاٹری کا اجرا کیا گیا ہے جس میں انعام کے طور پر ایک بالکل نئی کار رکھی گئی ہے لیکن یہ کار فوری طور پر جیتنے والے کے حوالے نہیں کی جائے گی بلکہ اسے ایک ٹائم کیپسول کی طرح دفن کردیا جائے گا۔ اس کار کو خود مالک یا اس کے عزیز 50 برس بعد استعمال کرسکیں گے لیکن کوئی نہیں جانتا کہ اتنے برسوں بعد یہ کار قابل استعمال بھی ہو گی یا نہیں اور یہ کار اس وقت کتنی عجیب لگے گی یا متروک قرار پائے گی۔
اس کار کو ٹائم ٹریولر کا نام دیا گیا ہے جسے میکسیکو کے ایک فیسٹیول کے شرکا نے تیار کیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ کار کو جیتنے والے شخص کے حوالے کرنے کے بجائے اسے دفنادیا جائے گا۔ دفناتے وقت کار کے ساتھ تصاویر، ہاتھ سے لکھے گئے خطوط اور 2018 میں استعمال ہونے والی کچھ اشیا بھی رکھی جائینگی اسے شہر کے چوراہے میں کنکریٹ کے ایک بڑے گڑھے میں رکھا جائیگا جسے بعد میں اچھی طرح سے بند کردیا جائیگا تاہم لوگوں نے اس عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شہر میں ایسے غریب لوگ بھی ہیں جو پرانی کار کی سکت بھی نہیں رکھتے اس لیے بہتر ہوگا کہ گاڑی دفن کرنے کے بجائے کسی ضرورت مند کو دیدی جائے ۔