نوکیا کا نیا سمارٹ فون سیکنڈوں میں فروخت

Last Updated On 21 May,2018 08:21 pm

چین: (دنیا نیوز) سمارٹ فون کی دنیا میں نیا اضافہ، نوکیا کے نئے اینڈرائیڈ سمارٹ فون کی مارکیٹ میں دھوم، تمام سیٹس 10 سیکنڈ میں فروخت ہوگئے۔

حال ہی میں موبائل بنانے والی معروف کمپنی نوکیا نے نیا سمارٹ فون متعارف کروایا ہے، کمپنی نے اپنے نئے سمارٹ فون نوکیا ایکس 6 کو چین میں فروخت کے لیے پیش کیا، جہاں یہ فون چند سیکنڈوں میں فروخت ہوگیا۔ اس بات کا اعلان نوکیا کی جانب سے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا گیا۔ چینی سوشل میڈیا نیٹ ورک ویبو پر سامنے آنے والی پوسٹ کے مطابق نوکیا ایکس 6 کے ہزاروں سیٹ 10 سیکنڈ میں فروخت ہوگئے۔ تاہم یہ اعلان نہیں کیا گیا کہ کتنے سمارٹ فون چین کے مختلف حصوں میں فروخت کے لیے پیش کیے گئے۔

نوکیا ایکس سکس 5.8 انچ کے بیزل لیس ڈسپلے کے ساتھ ہے جس میں پہلی بار اس کمپنی نے آئی فون ایکس جیسا نوچ دیا ہے۔ اسی طرح یہ فون سنیپ ڈراگون 636 پراسیسر، 4 جی بی ریم ،32 سے 64 جی بی سٹوریج، 16 اور 5 میگا پکسل ڈوئل رئیر کیمرہ سیٹ جبکہ 16 میگا پکسل فرنٹ کیمرے جیسے فیچرز سے لیس ہے۔

واضح رہے کہ ایسا کبھی آئی فون یا سام سنگ کے فونز کے ساتھ بھی نہیں ہوا کہ 10 سیکنڈ میں سب سیٹس فروخت ہوگئے ہوں۔