لاہور: (دنیا نیوز) ماہرین کا کہنا ہے کہ افطار کے فوری بعد سگریٹ نوشی صحت کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہوتی ہے۔
ماہر ین صحت کا کہنا ہے کہ افطاری کے وقت جسم کو پانی، گلوکوز اور آکسیجن کی سخت ضرورت ہوتی ہے جو کہ سگریٹ سے پوری نہیں ہوسکتی، بلکہ اس طرح سگریٹ نوشی نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔ تمباکو نوشی سے شریانیں سکڑ جاتی ہیں اور خون میں آکسیجن بھی مناسب مقدار میں جذب نہیں ہوپاتی جس کی وجہ سے خون گاڑھا ہو جاتا ہے۔ جس سے اس کے جمنے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس سے دل کی دھڑکن بے ربط ہو جاتی ہے، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی مقدار بڑھ جاتی ہے ، جس سے دل کی بیماریاں لاحق ہونے کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔
طبی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ رمضان میں دل کے امراض کے سبب اموات میں اضافہ ہوجاتا ہے اوراسی سلسلے میں سگریٹ نوشی بھی اچانک موت کا سبب بن سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق ایک سگریٹ انسان کی عمر آٹھ منٹ تک کم کر دیتا ہے کیونکہ اس میں چار ہزار سے زائد نقصان دہ اجزا موجود ہوتے ہیں۔ تمباکو نوشی سے انسان کو دل، پھیپھڑے، سانس، نظام ہضم، پیشاب، معدہ، جگر اور منہ کی بہت سی مہلک بیماریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔