دنیا کا سب سے کم وزن اور پتلا لیپ ٹاپ متعارف

Last Updated On 30 August,2018 01:54 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سمارٹ فونز اور ٹیبلیٹ کا استعمال ان دنوں بہت زیادہ عام ہے اس کے باوجود لیپ ٹاپ کمپیوٹر کی اہمیت میں اب بھی کوئی کمی نہیں آئی ہے۔

اور اگر آپ کسی اچھے لیپ ٹاپ کو لینے کی خواہش رکھتے ہیں تو معروف کمپیوٹر کمپنی کی یہ نئی ڈیوائس آپ کو ضرور پسند آئے گی۔ یہ ہے سوئفٹ 7 نامی لیپ ٹاپ جس کے بارے میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کا سب سے پتلا لیپ ٹاپ ہے۔ جرمن شہر برلن میں آئی ایف اے ٹیکنالوجی نمائش کے دوران اس لیپ ٹاپ کو متعارف کرایا گیا جس کا ابتدائی ورژن رواں سال کے شروع میں سی ای ایس نمائش میں رکھا گیا تھا۔ یہ نیا لیپ ٹاپ 10 ملی میٹر سے کم موٹا اور ایج ٹو ایج ڈسپلے سے لیس ہے۔

یہ ڈسپلے 92 فیصد سکرین ٹو باڈی ریشو پر مشتمل ہے اور اس لیپ ٹاپ کا مجموعی وزن بھی ایک کلو سے کم ہے۔ یہ لیپ ٹاپ 8 جنریشن انٹیل کور آئی سیون پراسیسر سے لیس ہوگا اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کا سب سے پتلا لیپ ٹاپ ہے۔ اس میں 14 انچ کا ڈسپلے دیا گیا ہے مگر اس کے ابتدائی ورژن کے مقابلے میں بیزل کو 4.27 ملی میٹر تک کم کردیا گیا ہے۔ اس ڈیوائس کو ہلکا رکھنے کے لیے کمپنی نے میگنیشم میٹریل استعمال کیا ہے۔