لاہور: (ویب ڈیسک) ہالینڈ میں استعمال شدہ پلاسٹک سے سائیکل سواروں کے لیے ایک راستہ تیار کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد لاکھوں ٹن پلاسٹک کو کچرے کی نذر ہونے کی بجائے، دوبارہ قابل استعمال بنانا ہے۔
تھومس روئٹرز فاؤنڈیشن کے مطابق ہر سال ہالینڈ میں لاکھوں ٹن پلاسٹک کوڑے میں ضائع کیا جاتا ہے، تاہم اب پانچ لاکھ پلاسٹک بوتلوں کے ڈھکنوں کی مدد سے 30 میٹر کا ایک سائیکل ٹریک تیار کیا گیا ہے۔ شمالی علاقے ذولے میں تیار کردہ اس سائیکل راستے کی بارے میں کہا گیا ہے کہ روایتی سڑک کے مقابلے میں یہ دو سے تین گنا زیادہ عرصے تک کارآمد رہے گی۔ واضح رہے کہ ذولے کا قصبہ 13 سو برس پرانا ہے اور اپنی تاریخ اہمیت کی وجہ سے سیاحوں کو متوجہ کرتا ہے۔
ہالینڈ میں اس سائیکل راستے کے لیے سرمایہ فراہم کرنے والے سائمون جوریسٹسما اور آنے کوڈسٹال ہیں۔ ان سرمایہ کاروں کے مطابق، یہ اس سلسلے کا پہلا پروجیکٹ ہے، جو پائیدار ترقی اور استعمال شدہ پلاسٹک کے ذریعے مستقبل کی سڑکوں کی تیاری کی جانب پہلا قدم بھی ہے۔