ورجینیا : (ویب ڈیسک) طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سردیوں میں وائرس سے لاحق ہونے والے امراض کی وجہ ہمارے ناک میں موجود بیکٹیریا کو قرار دیا جاسکتا ہے۔
یونیورسٹی آف ورجینیا اسکول آف میڈیسن کی نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جن افراد کے ناک میں اسٹفائلوکوکس بیکٹیریا پایا جاتا ہے اگر انہیں سردی لگ جائے تو وہ بہت شدید ہوتی ہے اور اگر دوسرے مریض کی ناک میں اسٹفائلوکوکس کی مقدار کم ہو تو ان کا ناک زیادہ متاثر نہیں ہوتا۔ یعنی جس انداز سے ناک میں بیکٹیریا ہوں گے اسی طرح سردی یا ٹھنڈ لگنے کا اثرکم یا زیادہ ہوگا۔
اس تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر رونلڈ بی ٹرنر کہتے ہیں کہ یہ حیرت انگیز تحقیق بتاتی ہے کہ بیکٹیریا کا بوجھ اور اقسام کا تعلق کس طرح جاڑے سے بیمار ہونے کی شدت پر ہوتا ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ ناک کے بیکٹیریا کس طرح ٹھنڈ کے وائرس سے ہمیں بیمار کرتے ہیں۔