زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا کمر اور ہڈیوں کے لیے نقصان دہ

Last Updated On 02 October,2018 08:30 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) جسمانی سرگرمیوں سے دوری یا دن کا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا کمر درد اور ہڈیوں کی کمزوری کا باعث بن سکتا ہے، مگر یہ عادت آپ کی مجموعی صحت کے لیے جتنی تباہ کن ہے اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا صحت کے لیے بہت زیادہ چینی اور سگریٹ کے استعمال جتنا ہی خطرناک ہے۔ برٹش جرنل آف سپورٹس میڈیسن میں شائع ایک تحقیق کے مطابق 9 گھنٹے یا اس سے زائد وقت بیٹھ کر گزارنے والے افراد میں کمر درد کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ محققین نے مشورہ دیا ہے کہ دن بھر میں کم از کم 2 گھنٹے کھڑے ہو کر گزارنا کمر درد کی تکلیف سے بچاسکتا ہے۔

زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے انسانی ہڈیاں کمزور بھی ہوجاتی ہیں۔ برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق زمانہ قدیم میں انسانی ہڈیاں بن مانسوں جتنی مضبوط ہوتی تھی تاہم کاشتکاری کے آغاز کے بعد ان کی مضبوطی میں 20 فیصد کمی آئی اور فریکچر کا خطرہ بڑھ گیا۔ محققین کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ ہمارا خطرناک حد تک سست طرز زندگی ہے۔

محققین کے مطابق درحقیقت انسانوں کا جسم کسی گاڑی یا کمپیوٹر کے سامنے بیٹھے رہنے کے لیے نہیں بلکہ وہ سرگرمیاں مانگتا ہے۔