لاہور: (روزنامہ دنیا) ڈاکٹرز اور طبی ماہرین نے مشورہ دیا ہے اگر ان بیماریوں سے بچنا ہے تو شہری سادہ خوراک کھائیں، فاسٹ فوڈ سے پرہیز اور روزانہ تین کلومیٹر واک کریں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہارٹ ڈے منایا گیا۔ موجودہ صورتحال کے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ لوگ حادثات جبکہ دوسرے نمبر پر دل کی بیماری کے باعث انتقال کر رہے ہیں اور یہی صورتحال پاکستان میں ہے۔
دل کا مرض لاحق ہونے کی بڑی وجہ ہمارے رہن سہن کا سست انداز بتایا جا رہا ہے۔ اس وقت ذہنی تناؤ، بلڈ پریشر، موٹاپا، شوگر اور سگریٹ نوشی دل کے مرض کی بڑی وجہ بن رہے ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دل کے مرض سے بچاؤ کے لئے سادہ خوراک کھائیں، روزانہ کم از کم 3 کلومیٹر واک، چکنائی، فاسٹ فوڈ اور سگریٹ نوشی سے پرہیز کریں۔
اس وقت پاکستان میں سب سے زیادہ دل کے مریض سندھ میں موجود ہیں، دوسرے نمبر پر پنجاب، تیسرے نمبر پر بلوچستان اور چوتھے نمبر پر کے پی کے ہے۔