پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں خسرہ کے خطرے سے نمٹنے کے لئے چار سال بعد دوبارہ انسداد خسرہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مہم 15 سے 27 اکتوبر تک چلائی جائے گی۔
خیبر پختونخوا میں خسرے کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد صوبائی حکومت نے بارہ روزہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 15 اکتوبر سے شروع ہونے والی مہم میں 9 ماہ سے 5 سال عمر کے 47 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا حدف مقرر کیا گیا ہے، مہم کیلئے 5 ہزار 3 سو ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔
ای پی آئی حکام کے مطابق خیبر پختونخوا میں خسرہ سے اب تک 23 اموات ہوئیں جبکہ رواں سال 10 ہزار سے زائد خسرہ کیسز رپورٹ ہوئے جس میں سب سے زیادہ پشاور میں 3502 کیسز شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق صوبے میں خسرہ سے بچاؤ کی آخری مہم 2014ء میں چلائی گئی تھی، تاہم سالانہ بنیادوں پر مہم چلائی جائے تو خسرہ کے مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے۔