لاہور: (ویب ڈیسک) فزکس کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ماہرین کے لیے نوبیل انعام کا اعلان کردیا گیا، 55 سالوں میں پہلی بار ایک خاتون نے بھی نوبیل ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ ان کے علاوہ مزید 2 سائنسدانوں کو بھی نوبیل انعام سے نوازا گیا۔
لیزر ٹیکنالوجی پر تحقیق کرنے والے 3 سائنسدانوں کو مشترکہ طور پر فزکس کے نوبیل انعام سے نوازا گیا۔ نوبیل انعام پانے والوں میں کینیڈا کی ڈاکٹر سٹرکلینڈ،امریکا کے آرتھر آشکن اور فرانس کے جیرارڈ موروو شامل ہیں۔ ڈاکٹر سٹرکلینڈ 55 برس میں پہلی خاتون ہیں جو فزکس میں نوبیل انعام پانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ اس سے پہلے یہ اعزاز امریکی خاتون ماریہ جیوپرٹ مئیر کو حاصل تھا جن کو 1963 میں فزکس کے نوبیل انعام سے نوازا گیا تھا۔
ڈاکٹر سٹرکلینڈ نے انعام جیتنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے تو آپ یہ سوچتے ہیں کہ یہ زبردست ہے، یہی پہلی چیز میرے ذہن میں آئی۔ اور آپ کو ہمیشہ لگتا ہے کہ کیا یہ سچ ہے۔ مجھ سے پہلے لوگ بہت اچھے کام کر چکے تھے اس لیے یہ بہت زبردست ہے کہ آخرکار انھیں تسلیم کیا گیا۔