بستر پر مسلسل 2 ماہ تک لیٹنے والوں کیلئے ہزاروں ڈالر انعام

Last Updated On 03 April,2019 03:57 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی خلائی تحقیقی ادارے ناسا نے مسلسل دو ماہ تک بستر پر لیٹنے کے چیلنج کو پورا کرنے والوں کو ہزاروں ڈالر کی انعامی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔

ناسا کی جانب سے اس پیشکش کا مقصد خلائی مشن پر جانے والے خلا نوردوں کو درپیش مشکلات کو اجاگر کرنا ہے۔ عام شہریوں کو اس چیلنج کو پورا کرنے کیلئے جرمنی کے ایرو سپیس سینٹر میں مسلسل دو ماہ ایک بستر پر لیٹے ہوئے گزارنے ہوں گے۔

ناسا حکام کا کہنا ہے کہ خلا میں کشش ثقل نہ ہونے کے باعث خلا نوردوں کی ٹانگوں میں دوران خون رک جاتا ہے اور تمام تر دباؤ دماغ پر ہوتا ہے جس سے کبھی کبھی دماغ میں ایک مادہ جمع ہو جاتا ہے۔ اس طرح کی دیگر پیچیدگیوں سے آگاہ کرنے کے لیے یہ چیلنج ترتیب دیا گیا ہے۔

ناسا نے کامیاب امیدواروں کے لیے 18 ہزار 5 سو ڈالر کی انعامی رقم کے علاوہ سرٹیفیکٹس بھی دینے کا اعلان کیا ہے۔ ممکنہ طور پر منتخب امیدواروں کو خلا میں بھی بھیجا جائے گا۔