نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی نگران ادارے فیڈرل ٹریڈ کمیشن نے فیس بک کے صارفین کی نجی معلومات کو مکمل حفاظت نہ کرنے پر کمپنی کے مالک زکربرگ کو ذمہ دار ٹھہرانے کا عندیہ دے دیا۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق فیس بک اور امریکی ٹریڈ کمیشن کے حکام میں صارفین کی ذاتی معلومات میں کوتاہیوں کے حوالے سے مذاکرات کی بنیاد پر کمپنی کے مالک اور چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ پر ذمہ داری عائد کی جا سکتی ہے۔
واشنگٹن پوسٹ نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کمیشن کی جانب سے مارک زکربرگ پر پابندی لگانے سے دیگر کمپنیوں کے مالکان کو بھی پیغام ملے گا کہکوتاہی برتنے پر احتساب ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ کیمبرج اینالیٹکا نے انکشاف کیا تھا کہ اس نے آٹھ کروڑ 70 لاکھ فیس بک صارفین کی معلومات یوزر کی اجازت کے بغیر استعمال کی ہیں جس کے بعد گزشتہ سال ٹریڈ کمیشن نے فیس بک کے خلاف تحقیقات شروع کر دی تھیں۔
فیس بک اس وقت دنیا کی سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ہے جس کے دنیا بھر میں2 ارب سے زیادہ صارفین ہیں۔