لیمن بام : جادوئی فوائد کا حامل خوشبودار پودا

Last Updated On 24 April,2019 01:09 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پودینے کے خاندان کا اہم پودا ’’لیمن بام‘‘ کو متعدد امراض کے علاج کیلئے نہایت فائدہ مند گردانا جاتا ہے۔ اس کے سرفہرست فوائد میں بے خوابی اور نیند میں اضطرابی کیفیت کے علاج میں موثر ثابت ہوتا ہے۔

انگریزی ویب سائٹ "بولڈ اسکائی" کے مطابق متعدد امراض کے علاج کیلیے استعمال ہونیوالے پودے کے 10 طبی فوائد درج ذیل ہیں :

1: نزلہ زکان کی سوزش سے چھٹکارا
لیمن بام کے عرق میں موجود اینٹی وائرس کی خصوصیات نزلہ زکام کے نتیجے میں ناک کے نیچے اور ہونٹوں کے گرد ہونے والی سوزش کے علاج میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔ لہذا کریم کی صورت میں لیمن بام کا عرق مذکورہ سوزش کے علاج میں آرام پہنچاتا ہے۔

2: درد میں کمی
لیمن بام میں موجود اینٹی انفیکشن ایتھینول کا مادہ سوزش یا انفیکشن کے نتیجے میں تکلیف اور درد کو کم کرتا ہے۔

3: بے خوابی کا علاج
طب کی تحقیقات سے ثابت ہو چکا ہے کہ لیمن بام 12 برس سے کم عمر بچوں اور خواتین میں بے خوابی اور نیند میں بے چینی کے علاج کے حوالے سے مؤثر ہے۔

4: اختلاج قلب کا علاج
طبی تحقیق کے ایک جریدےEthnopharmacology کے مطابق لیمن بام کے پتے تناؤ اور اختلاج قلب کو قابو کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اسی طرح لیمن بام کا خوشبودار روغن خون میں Triglyceride کی سطح کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔

5: ماہواری کے مسائل میں کمی
لیمن بام کو کیپسول کی صورت میں کھایا جائے تو یہ خواتین میں ماہواری کے مسائل اور اثرات کو کم کر دیتا ہے۔ ایک طبی تحقیق کے دوران انٹرمیڈیٹ کی طالبات کو تین ماہ تک روازنہ لیمن بام کے 1200 ملی گرام کے کیپسول کھلائے گئے۔ اس کا مثبت نتیجہ ماہواری کے دوران درپیش پریشان کن کیفیات میں واضح کمی کی صورت میں سامنے آیا۔

6: سرطان سے بچائو
لیمن بام کے عرق نے چھاتی کے سرطان کے خلیوں کے خلاف مزاحمت کے حوالے سے فعال تاثیر ظاہر کی ہے۔ تحقیق کے مطابق اس کو سونگھنے سے بعض ایسے عوامل کو روکا جا سکتا ہے جن کے نتیجے میں جگر کے سرطان کے خلیوں میں اضافہ ہوتا ہے۔

7: الزائمر سے تحفظ
لیمن بام یادداشت کو مضبوط بنانے ، یکسوئی اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس طرح دیرینہ اعصابی امراض میں مبتلا ہونے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔ ان امراض میں الزائمر، فالج، رعشہ اور زوال عقل شامل ہیں

8: تنائو اور گھبراہٹ میں کمی
طبی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ 600 ملی گرام لیمن بام کھانے سے تناؤ میں کمی آتی ہے اور انسانی جسم کو سکون کا احساس ہوتا ہے۔ اس پودے میں Rosmarinic acid نامی مرکب پایا جاتا ہے جو اعصابی خلل اور گھبراہٹ کی علامات کو کم کرتا ہے۔

9: ہاضمے کی بہتری
لیمن بام ہاضمے کے عمل کو بہتر بناتا ہے۔ یہ پودا جسم کے اندر سے گیسوں کو دور کرتا ہے اور معدے کے اُپھار کو روکتا ہے۔

10: ذیابیطس کا علاج
لیمن بام کا خوشبو دار روغن خون میں شوگر کی سطح کو کم کرتا ہے جس سے ذیابیطس کے مریضوں کی حالت بہتر ہوتی ہے۔