نوزائیدہ بچوں کی جان لیوا بیماری ’’ببل بوائے‘‘ کا علاج دریافت

Last Updated On 22 April,2019 12:27 pm

لندن: (روزنامہ دنیا) طبی ماہرین نے بغیر مدافعتی نظام لئے پیدا ہونے والے نوزائیدہ بچوں کی کم یاب بیماری ’’ببل بوائے‘‘ کا علاج ایچ آئی وی کی مدد سے دریافت کر لیا، اس طریقہ علاج کا ہسپتال میں 8 بچوں پر کامیاب تجربہ بھی کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سائنسی جریدے نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع ہونے والے مقالے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ نوزائیدہ بچوں میں مدافعتی نظام بالکل نہ ہونے یا انتہائی ناقص ہونے کی بیماری ببل بوائے کا علاج دریافت کرلیا گیا ہے جس کا برطانوی ہسپتال میں 8 بچوں پر کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔

اس بیماری کے شکار بچوں میں قوت مدافعت نہ ہونے کے باعث ہر لمحہ جراثیم سے پاک سٹرائیڈ ماحول میں رہنا ہوتا ہے جیسا کہ آپریشن تھیٹر میں ہوتا ہے یا منہ کو ایسے جراثیم کش تھیلے سے ڈھکنا ہوتا ہے جو سانس یا منہ کے ذریعے جراثیم کو جسم میں داخل ہونے سے روک سکے، ایسے بچے زیادہ عرصے جی نہیں سکتے تھے۔

امریکی سائنس دانوں نے اس کم یاب لیکن معصوم کلیوں کو کچل دینے والی بیماری کا علاج ڈی این اے تھراپی کے ذریعے نکالا جس کے لیے نوزائیدہ بچوں کے بون میرو کو جمع کیا گیا اور ڈی این اے میں موجود عیب کو درست کیا اور عیب سے پاک جین کو ایچ آئی وی وائرس کے متبادل ورژن میں داخل کیا گیا۔