مریخ پر زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ

Last Updated On 24 April,2019 05:39 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکی خلائی ادارے ناسا کی خلائی گاڑی انسائٹ لینڈر نے پہلی مرتبہ مریخ پر زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ان ہلکے جھٹکوں کو دو ہفتے قبل نوٹ کیا گیا جو اس مشن کا 128 مریخی دن تھا۔ ماہرین کے مطابق یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ایسا زلزلہ زمین اور چاند کے علاوہ کسی بھی سیارے پر ریکارڈ کیا گیا ہو۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ مارس کوئیک یعنی مریخ پر زلزلہ سیارے پر موجود کسی دراڑ میں حرکت یا کسی شہاب ثاقب سے ٹکراؤ کے نتیجہ میں بھی آ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ ناسا کا ’انسائٹ پروب‘ گذشتہ سال نومبر میں مریخ پر اتارا گیا تھا۔ اس مشن کا مقصد متعدد زلزلوں کی شناخت کرنا ہے تاکہ مریخ کے اندرونی ساخت کی واضح تصویر مل سکے۔

سائنسدانوں کے مطابق محققین حاصل شدہ نتائج کا موازنہ زمین کی اندرونی چٹانی تہوں کے نمونوں سے کرنا چاہتے ہیں جس سے انھیں سیاروں کے ارتقا کے بارے میں بہت کچھ نیا سیکھنے کو ملے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ انسائٹ کے سائنسدانوں کے مطابق اس زلزلے کا ڈیٹا انھیں اپولو کے سینسرز کی مدد سے جمع کردہ ڈیٹا کی یاد دلاتا ہے جو چاند کی سطح سے اکٹھا کیا گیا تھا۔