لاہور: (روزنامہ دنیا) ادرک زمانہ قدیم سے استعمال کی جا رہی ہے۔ چین میں اسے علاج معالجے میں اہمیت حاصل رہی۔ روم اور یونان میں بھی ادرک اپنے خواص کی بنا پر استعمال ہوتی رہی۔ یورپ میں بھی خوشبو کی وجہ سے ادرک بہت پسند کی جاتی ہے۔
طبی خواص میں ادرک کا ایک خاص مقام ہے۔ ادرک غذا کی اصلاح کرتی ہے۔ ماش کی دال یا گوبھی میں اسے شامل کریں کیونکہ اس سے بادی چیزیں جلد ہضم ہو جاتی ہیں۔
گائے کے گوشت کے کباب بناتے وقت کٹی ہوئی ادرک ملائیں۔ اسی طرح کوفتوں، گائے کے پائے اور نہارے میں بھی اسے شامل کریں کیونکہ طبی فوائد کے ساتھ یہ ذائقے میں بھی اضافہ کرتی ہے۔
ادرک کا تھوڑا سا ٹکڑا پانی میں ڈال کر اس میں چائے یا قہوہ ملا کر پئیں تو جسم میں حرارت دوڑ جاتی ہے۔ عام چائے میں آدھا چمچ ادرک کا رس ملا کر پی سکتے ہیں۔ اس سے ہاضمے کی قوت تیز ہوتی ہے اور گیس کا مسئلہ حل ہوتا ہے۔
ادرک کی سلاد بھی اس مقصد کے لیے مفید ہے۔ متلی کی شکایت ہو تو ادرک کے ٹکڑے فرائی پین میں ہلکا سا سینک کر نمک لگا کر چوسیں، آرام آ جائے گا۔
ایک چمچ ادرک کے رس میں ایک چمچ لیموں کا رس، ایک چمچ پودینے کا رس اور دو چمچ شہد ملا کر فرائی پین میں معمولی آنچ پر گاڑھا کر کے اتار لیں۔ تھوڑا تھوڑا یہ مرکب چاٹنے سے متلی دور ہو جائے گی۔
جو لوگ بہت ٹھنڈا پانی پیتے ہیں، اس سے دانتوں کو نقصان پہنچنے سے تکلیف ہوتی ہے۔ ادرک چبانے سے لعاب زیادہ پیدا ہوتا ہے اور منہ کی غلیظ رطوبات خارج ہو جاتی ہیں۔ منہ کی بدبو دور ہوتی ہے۔ ٹھنڈے پانی سے جو نقصان ہوتا ہے وہ بھی درست ہو جاتا ہے۔
اسی طرح گلے کی صفائی ہو جاتی ہے، حلق کی خشکی، خراش اور ورم کو آرام آتا ہے۔ حلق میں اگر بلغم پھنسا ہو تو وہ بھی اس کے کھانے سے نکل جاتا ہے۔ نزلے کی سوزش ہو، ناک سے پانی بار بار بہہ رہا ہو، چھینکیں آئیں تو اس کے لیے بھی ادرک کی چائے یا شہد ملے گرم پانی میں ادرک کا رس مفید ہے۔
کھانسی میں ادرک کا استعمال کرنا چاہیے۔ بعض دفعہ تو یہ دمے تک کو فائدہ دیتی ہے۔ ادرک معدے کو طاقت دیتی ہے۔ نفخ اور بدہضمی دور کرتی ہے، ہاضم ہے۔ جگر کے لیے بھی ادرک مفید ہے۔ اس کے استعمال سے جگر کی پرانی کمزوری دور ہو جاتی ہے۔
مثانے اور گردے کے امراض میں جسم کو طاقت دیتی ہے۔ خواتین کے لیے ادرک کی چائے بہت مفید ہے۔ جو لوگ بہت زیادہ دماغی کام کرتے ہیں، ان کے لیے دو تولے ادرک کا پانی سات آٹھ تولے دودھ میں ملا کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب وہ آدھا رہ جائے تو سوتے وقت چینی یا مصری ملا کر پینے سے دماغ کی تھکن اور بوجھ کم ہو جاتا ہے۔